ٹی 20 کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 25 دسمبر سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے اعلان کیا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے شاداب خان کو شامل نہیں کیا گیا کیونکہ انجری کی وجہ سے وہ کھیل کے میدان سے دور ہیں اور آرام کررہے ہیں، انہیں مکمل صحت یاب ہونے میں کچھ وقے لگے گا، وکٹ محمد حارث کو بھی اس سیریزمیں آرام دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریزکے لیے تشکیل دئے گئے اسکواڈ میں عباس آفریدی، عامر جمال، ابرار احمد، وکٹ کیپر اعظم خان اور بابر اعظم کو شامل کیا گیا ہے۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ وکٹ کیپر حسیب اللہ، افتخار احمد، محمد نواز، وکٹ کیپر محمد رضوان، فخر زمان، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، زمان خان اور اسامہ میربھی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں ہمارے پانچ ٹی ٹوئنٹی میچ ہونے ہیں، امید ہے کہ یہ کھلاڑی وہاں اچھا پرفارم کریں گے، البتہ پی ایس ایل 9 کے انعقاد تک محمد حسنین اور نسیم شاہ بھی دستیاب ہوں گے جب کہ احسان اللہ کو مکمل فٹ ہونے میں ابھی مزید وقت لگے گا۔
ٹی 20 کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 25 دسمبر سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 12 جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 14 جنوری، تیسرا 17 جنوری، چوتھا 19 جنوری کو ہوگا جبکہ آخری میچ 21 جنوری کو کرائسٹ چرچ میں شیڈول ہے۔
0