0

ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری کو ہوگا،34 میچ کھیلے جائیں گے

لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری کو ہوگا۔ پہلا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 34 میچ کھیلے جائیں گے، فائنل 18 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا نواں ایڈیشن 17 فروری سے شروع ہونے والا ہے جس میں چار شہروں میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی خوبصورتی نظر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان شہروں میں ایونٹ کی میزبانی کا فیصلہ ملک بھر کے شائقین کے لیے اعلیٰ درجے کی کرکٹ پیش کرنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ان شہروں میں میچوں کی میزبانی نہ صرف شائقین کے جوش وخروش میں اضافہ کرتی ہے بلکہ گراس روٹ لیول پر کرکٹ کو بھی فروغ دیتی ہے۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا کہنا تھا کہ ہم اس شاندار ایونٹ کے لیے تیار ہیں اور ساتھ ہی ہم سنسنی خیز مقابلے دیکھنے اور ملک بھر میں کرکٹ کے شائقین کے لیے ناقابل فراموش لمحات فراہم کرنے کے بھی منتظر ہیں۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پچھلے ایڈیشن کی طرح ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 9 واں ایڈیشن بھی دو مرحلوں میں ہوگا جس میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم لاہور 17 سے 27 فروری تک 14 میچوں کی میزبانی کریں گے، اس کے بعد کرکٹ ایکشن راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں منتقل ہوجائے گا جہاں 28 فروری سے 18 مارچ تک 20 میچ کھیلے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں