الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ عام انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے۔
جمعرات کو رات گئے جاری کیے گئے بیان کے مطابق الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت حلقہ بندیاں مکمل کر لی گئی ہیں اور قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 266 ہو گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 297، سندھ اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 130 اور خیبر پختونخوا میں 115 نشستوں پر امیدواروں میں مقابلہ ہوگا جبکہ بلوچستان اسمبلی کی جنرل نشستیں 51 ہوں گی۔
قومی اسمبلی کی جن 266 نشستوں پر عام انتخابات منعقد ہوں گے اُن میں پنجاب میں 141، سندھ میں 51، خیبر پختونخوا میں 45 جبکہ بلوچستان میں قومی اسمبلی کی 16 نشستیں ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی تین سیٹوں پر امیدوار مدمقابل ہوں گے۔
لیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیاں ساتویں مردم شماری کے نتائج کی بنیاد پر کیں جبکہ دو خصوصی ٹربیونلز نے حلقہ بندیوں پر 1324 اعتراضات نمٹائے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں قومی اسمبلی کی کل نشستوں کی تعداد 336 ہے جن میں سے 266 جنرل نشستیں ہیں جن پر عام انتخابات کا انعقاد ہوتا ہے جبکہ 60 نشستیں خواتین کے لیے اور 10 اقلیتوں کے لیے مختص ہیں۔
پنجاب سے قومی اسمبلی کی 141 جنرل جبکہ 32 کے لیے مخصوص خواتین کی نشستیں ہیں۔ سندھ اسمبلی سے قومی اسمبلی کی61 عام جبکہ 14 مخصوص نشستیں ہیں۔
حتمی حلقہ بندیوں کے مطابق خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی 45 نشستیں جنرل اور 10 خواتین کی مخصوص نشستیں ہیں۔ اسی طرح بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 جنرل اور 4 خواتین کی نشستیں ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق چاروں صوبوں میں 593 جنرل نشستیں ہیں جبکہ خواتین کی 132 مخصوص اور اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستوں کی تعداد 24 ہے۔
اس طرح چاروں صوبائی اسمبلیوں میں مجموعی طور پر 749 نشستیں ہوں گی۔
بلوچستان میں صوبائی اسمبلی 65 ممبران پر مشتمل ہوگی جن میں 51 جنرل،11 خواتین اور 3 غیر مسلموں کی ہیں۔
خیبر پختونخوا میں صوبائی اسمبلی 145 ممبران پر مشتمل ہو گی جن میں 115 جنرل، 26 خواتین اور چار اقلیتوں کی نشتیں ہوں گی۔
سندھ میں صوبائی اسمبلی کے کل ارکان کی تعداد 168 جبکہ پنجاب کی صوبائی اسمبلی 371 ارکان پر مشتمل ہے۔
133